موصولہ اطلاعات کے مطابق امامیہ اسکاؤٹس اوپن گروپ (رجسٹرڈ) کا ایک اہم اجلاس مرکزی ہیڈکوارٹر امامیہ اسکاؤٹس پر منعقد ہوا جہاں شہر بھر سے سینکڑوں اسکاؤٹس نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ مجالس عزاء اور جلوسوں کے انتظامات میں امامیہ اسکاؤٹس کی خدمات کے لئے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی ۔امامیہ اسکاؤٹس کے اجلاس برائے 'تحفظ عزاداری'میں امامیہ اسکاؤٹس کے مرکزی عہدیدار نذیر حیدر نے خصوصی شرکت کی اور امامیہ اسکاؤٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے اور اس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ امامیہ اسکاؤٹس نے ہمیشہ مملکت خداداد پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لئے صف اول میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ملک خداداد کی حفاظت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج مملکت خداداد انتہائی خطر ناک حالات سے دو چار ہے جہاں دہشت گردی کے واقعات ہونا معمول کی بات بن گئی ہے لہذٰا امامیہ اسکاؤٹس کی ذمہ داری ہے کہ عزاداری کے تحفط کے لئے صف اول کا کردار ادا کرے اور ملک میں جاری دہشت گردی کے بحران سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کرے۔اس موقع پر انھوں نے نوجوانوں کی ان کوششوں کو بھی سراہا جو انھوں نے امامیہ اسکاؤٹس کے پلیٹ فارم سے متاثرین سیلاب کی بحالی کے لئے انجام دی ہیں۔ اجلاس میں کراچی کے گروپ اسکاؤٹس لیڈر مجتبیٰ حیدر، کنٹرولر علی اسد، ڈپٹی گروپ اسکاؤٹ لیڈر عباس عابدی اور قاسم جعفری کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/110